راولپنڈی: گیس پائپ لائن میں دھماکا، آگ سے متعدد گھر لپیٹ میں آگئے

راولپنڈی کے نواحی علاقے دھمیال میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔

ذرائع کے مطابق 3 فائر ٹینڈرز سمیت 6 ایمرجنسی گاڑیاں آگ بجھانے کے آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ مزید گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے ابتدائی معلومات کے مطابق گیس لائن، آئل لائن اور ایک گھر کو آگ لگی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ نے متعدد گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ ریسکیو فائر فائٹرز نے آگ کو محدود کر دیا ہے، آگ کو مکمل بجھایا جاتا ہے لیکن پھر بھڑک اٹھتی ہے، پائپ لائن کی سپلائی بند کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو اطلاع کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں کو گھروں سے نکال دیا گیا ہے، آگ کے باعث ابھی تک کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا، متاثرہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے، ہیوی مشینری کے ذریعے آگ پر مٹی پھینکی جا رہی ہے۔

آئل ریفائنری کی ٹیکنیکل ٹیم، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی مزید ٹیمیں واقعے کی جگہ پر پہنچ گئی ہیں۔