PML

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا 12واں اجلاس، امیدواروں کا حتمی فیصلہ نہ ہوسکا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں میں امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کردی تاہم پارٹی کا مرکزی پارلیمانی بورڈ 12 اجلاس ہونے کے باوجود امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کرسکا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا ایک اور اجلاس ہوا، جس میں پارٹی قیادت کی جانب سے امیدواروں کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاسوں کا سلسلہ بائیس دسمبر تک جاری رہے گا اور اُسی روز کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں میں ہر امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کر دی جبکہ ایک سے زیادہ مضبوط امیدواروں والے حلقوں میں ٹکٹوں کا فیصلہ دسمبر کے آخری دنوں میں کئے جانے کا امکان ہے۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا حتمی فیصلہ جنوری کے پہلے ہفتے کیا جائے گا۔

اُدھر ماڈل ٹاؤن مرکزی سیکریٹریٹ کے باہر احسن اقبال نے ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی پارلیمانی بورڈ کا بارہواں اجلاس ہوا، جس میں سندھ سے امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ مسلم لیگ ن کا ایک اہم حصہ ہے، نواز شریف کا سندھ کی ترقی و خوشحالی کے لیے بہترین کردار ہے، سابق وزیر اعظم نے سندھ کے عوام کو امن اور سکون، سکھر ملتان اور حیدر آباد موٹروے کا تحفہ دیا، اگر مسلم لیگ ن کو نکال کر نالائق لوگوں کو اقتدار نہ دیا جاتا تو مزید موٹروے کے منصوبے مکمل ہوتے۔

احسن اقبال نے کاہ کہ کراچی میں 20 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے وال گرین لائن کا منصوبہ بھی نواز شریف کا تحفہ ہے ، نواز شریف نے 70 سالوں سے جاری کوششوں کو منصوبہ کو سی پیک میں شامل کیا، صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی مخالف حکومت ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن نے فلاحی منصوبے دیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سندھ میں آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، جیسا کہ آپ کو معلوم کے کہ پہلے سیاسی اتحاد نہیں بنا کر جہموری طاقت کا مظاہرہ کیا گیا تھا تاہم اب ہم سیاسی اتحاد کے ساتھ سندھ میں انتتخابی میدان میں اتر رہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپریل 2022 مین تمام پارٹیوں کا اکھٹے ہونے کا مقصد پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانا تھا،8 فروری کو اگر سندھ کے عوام ترقی چاہتے کہ جیسی ہم نے پنجاب میں کی تو ن لیگ کو موقع دیں، ہم منی بیک گارنٹی دیتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں سندھ کو ترقیاتی پروجیکٹ دیں گے، مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کے لحاظ سے پر اعتماد ہے، جس کے دامن میں ملک کی بہتری اور پاکستان کی ترقی کے منصوبے ہوں اس کو منفی سیاست کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت بہت سے جماعتوں مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا چاہتی ہیں لیکن ہم سیٹ ہارنے کے لیے نہیں کرنا چاہتے، الیکشن ایک انتخابی رعمل ہے جس میں صرف جیتنے والے امیدوار کو اتارا جاتا ہے۔

ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن نے کہا کہ ہمارے پاس آج تک امیدواروں کی درخواستیں آرہی ہیں، سندھ صوبے کیلیے نواز شریف ضروری ہیں، ہم سمجھتے ہیں نواز شریف نے سندھ کو پرامن بنانے کے لیے ہم کردار ادا کیا، آئندہ بھی تمام فیصلے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کرنے ہیں۔

بشیر میمن نے کہا کہ نواز شریف بہت جلد سندھ کا دورہ کرنے والے ہیں جبکہ شہباز شریف ، مریم نواز اور احسن اقبال جلد سندھ کا دورہ کریں گے اور سندھ کے عوام کو اپنے منصوبے کے بارے میں آگاہ کریں گے۔