کراچی میں آدھے سے زیادہ ٹریفک سگنلز خراب ہونے کا انکشاف

کراچی میں آدھے سے زیادہ ٹریفک سگنلز کے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی صدارت میں کراچی کے ٹریفک مسائل اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں 91 ٹریفک سگنلز ہیں جن میں سے 30 کام کر رہے ہیں جبکہ 61 خراب ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ٹریفک پولیس کو ریگولیٹ کرنے کی ہدایت دے دی اور کہا کہ شہر میں جو گاڑیاں اپلائیڈ فار رجسٹریشن پلیٹ پر چلتی ہیں اُن کو بند کریں۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں ٹریفک کے مسائل پر ڈی آئی جی ٹریفک نے بریفنگ میں کہا کہ شہر میں 9077 ٹریفک پولیس کی گنجائش ہے جبکہ اس وقت 2378 عملے کی کمی کا سامنا ہے۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ کراچی میں روزانہ 9700 ٹکٹ ایشو ہوتے ہیں اور سالانہ 766.28 ملین روپے جرمانے کی مد میں ریکوری ہوتی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں پتھارے اور تجاوزات کے باعث ٹریفک کے مسائل درپیش ہیں۔