آمدنی میں کمی، کینیڈین ریڈیو کا 600 ملازمین فارغ کرنے کا اعلان

کینیڈین ریڈیو نے اشتہارات کی آمدنی میں کمی اور ڈیجیٹل نیوز آئوٹ لیٹس سے مسابقت کے باعث درپیش مالی چیلنجوں کے پیش نظر ایک سال میں 10 فیصد ملازمین فارغ کرنے کا اعلان کردیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے نے کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ( سی بی سی ) کی صدر اور سی ای او کیتھرین ٹیٹ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ ملکی میڈیا انڈسٹری کو درپیش مشکلات سے ان کا ادارہ بھی محفوظ نہیں ،ہم نے کئی سال تک ان مشکلات کا مقابلہ کیا تاہم اب ملازمین کی تعداد میں کمی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

کیتھرین ٹیٹ نے کہا کہ منصوبے کے مطابق ایک سال میں 600 ملازمین کو فارغ کیا جائے گا،تاہم پہلا مرحلہ جلد انجام پذیر ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انگریزی زبان کے نیٹ ورک میں 250 ،فرانسیسی زبان کے شعبے میں 250 اور تکنیکی و دیگر معاون عملے میں سے بھی 100 ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ بھی ملازمین کی تعداد میں 200 افراد کی کمی کا پروگرام ہے۔

کیتھرین ٹیٹ نے بتایا کہ اس پورے عمل سے سی بی سی کو 125 ملین کینیڈین ڈالر (92.3 ملین امریکی ڈالر) بچت ہوگی۔