Lahore DHA Accident

ملزم افنان کی عمر کے تعین کیلئے دانتوں کا ٹیسٹ کرلیا گیا

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ٹریفک حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے کیس میں ملزم افنان کی عمر کا تعین کرنے کیلئے اس کے دانتوں کا ٹیسٹ کروالیا گیا، ہڈیوں کا ایکسرے بھی کروایا جائے گا۔

مرکزی ملزم کے خلاف پولیس کی تفتیش حتمی مراحل میں داخل ہو گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم افنان شفقت کے دانتوں کا ٹیسٹ کروا لیا گیا، ہڈیوں کا ایکسرے بھی کروایا جائے گا۔

جائے وقوعہ اور ملزم کے فلیٹ کے باہر لگے کیمروں کی ویڈیو مل گئی ہے، ملزم افنان شفقت گھر سے گاڑی پر اکیلا 8 بجکر 45 منٹ پر نکلا، جب گھر سے نکلا تو اس کی والدہ اور والد اندر داخل ہو رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر سے جائے وقوعہ کا فاصلہ 8 سے 9 کلومیٹر ہے، ویڈیو کو ملزم کے فوٹوگرامیٹکل ٹیسٹ کے ساتھ میچ کیا جائے گا اور پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا۔

پولیس کو حادثے کی پہلی کال 9 بجکر 10 منٹ پر جبکہ دوسری کال 9 بجکر 23 منٹ پر موصول ہوئی تھی۔