Lahore DHA Accident

6 افراد کی ہلاکت: ملزم افنان کا دوست بھی زیر حراست

ڈیفنس لاہور میں گاڑی کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے ملزم افنان کے ساتھ کار میں موجود دوست ابراہیم کو بھی حراست میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے وقت گاڑی میں 4 دوست افنان، ابراہیم، سعد اور علی موجود تھے، ملزم ابراہیم سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن عمران کشور نے بھی پوچھ گچھ کی۔

ملزم ابراہیم کا کہنا ہے کہ گاڑی افنان ہی چلا رہا تھا، واقعہ حادثہ تھا کسی خاتون کو نہیں چھیڑا۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے ملزم افنان کے والد ملزم شفقت علی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے عبوری ضمانت کروالی، عدالت نے ملزم شفقت علی کی عبوری ضمانت 27 نومبر تک منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے عبوری ضمانت پر سماعت کی

عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم شفقت علی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی۔