غزہ میں خاندان کے خاندان اجڑ گئے، نام نہاد ’آزاد‘ دنیا خاموش ہے؛ پریانکا گاندھی

ئی دہلی: بھارت کی بانی جماعت کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے فلسطین میں اسرائیلی بمباری میں 10 ہزار افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف عالمی برادری اور اداروں کی کارکردگی پر سوالات اُٹھائے بلکہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کردیا۔

پریانکا گاندھی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے حل کے لیے فوری جنگ بندی بے حد ضروری ہے اور اگر جنگ بندی نہیں ہوتی تو عالمی برادری اور ادارے اپنا جواز کھو بیٹھیں گے۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں 10 ہزار شہریوں کا قتل عام کیا گیا جن میں سے 5 ہزار معصوم بچے ہیں۔ غزہ کی صورت حال ہولناک اور شرمناک کے الفاظ سے آگے بڑھ گئی۔

پریانکا گاندھی نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ غزہ میں خاندان کے خاندان اجاڑ دیے گئے۔ اسپتالوں، ایمبولینسوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے۔

بھارتی اپوزیشن رہنما نے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ نام نہاد ’’آزاد‘‘ دنیا غزہ میں نسل کشی کی مالی معاونت اور حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔