غزہ، ایک دن کا بچہ بھی شہید

غزہ پر اسرائیلی فضائیہ، بحریہ اور توپخانے سے بمباری وگولہ باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے .

اتوار کے روز صہیونی افواج کی بمباری میں ایک دن کا بچہ بھی شہید ہوگیا، فلسطینی صحافی نے سوشل میڈیا پر نومولود کی کفن میں لپٹی تصویر جاری کی.

انہوں نے بتایا کہ یہ بچہ ایک روز قبل پیدا ہوا اور اس کا برتھ سرٹیفکیٹ جاری کئے جانے سے قبل اس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے ۔کئی شیر خوار بچوں کی میتیں اٹھائے فلسطینیوں کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، ایک والد اپنے دو شیر خوار بچوں کی میتیں اٹھائے میڈیا کو بیان دے رہا ہے جس میں وہ کہتا ہے کہ اسرائیلی فوج کا مقصد بچوں کا قتل عام کرنا ہے ۔ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی بدتر ہوچکی ہے۔

انٹرنیٹ کی بحالی کے بعد ہولناک مناظر سامنے آرہے ہیں۔ بمباری میں شہید ہونے والے شیر خوار بچوںکی دل دہلا دینے والی تصاویر نے انسانی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے تاہم امریکی ، مغربی ویورپی رہنماؤں کی طرف سے اسرائیلی بمباری کو اس کے دفاع کا حق بتایا جارہا ہے ۔

غزہ میں کام کرنے والی عالمی انسانی امدادی تنظیموں نے اسرائیل کی بمباری کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیا ہے ۔