غزہ میں غذائی قلت سنگین، اشیائے ضروریہ کی کمی، بیکریوں کے باہر لمبی قطاریں

مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری کے بعد غذائی قلت نے سنگین شکل اختیار کرلی ہے اور رہائشیوں کے لیے روٹی خریدنا بھی انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

بجلی کی بندش اور ضروری سامان کی کمی نے غزہ کی پٹی میں بیکریوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، جو بیکریاں کھلی ہیں ان کے باہر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

رفح میں ایک بیکری کے باہر قطار میں کھڑے سامی جودہ نے الجزیرہ ٹی وی کو بتایا کہ کئی بیکریاں ایندھن، گیس اور بجلی کی کمی کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں۔

اس نے مزید بتایا کہ یہاں بہت زیادہ بھیڑ ہو گئی ہے۔ لوگ فجر سے پہلے سے صبح 11 بجے تک روٹی کے انتظار میں کھڑے ہیں جو یہاں دستیاب ہے، لیکن میرے گھر کی ضرورت اس سے کہیں زیادہ ہے۔