جوبائیڈن کے بعد برطانوی وزیراعظم کا دورہ اسرائیل؛ مکمل حمایت کی یقین دہانی

تل ابیب: غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید شدت آگئی جب برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے دورہِ اسرائیل پر حماس کے خلاف جنگ کی حمایت کی ہے۔

امریکی صدر بائیڈن کے جانے کے چند گھنٹے بعد برطانوی وزیراعظم رشی سنک تل ابیب پہنچے۔ انہوں نے اسرائیلی نامہ نگاروں سے کہا کہ ’میں یہاں اسرائیلی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں، آپ کو دہشت گردی کی ناقابل بیان، خوفناک کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ آپ جان لیں کہ برطانیہ اور میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔”

خیال رہے کہ غزہ کے ایک اسپتال میں حملے میں 500 فلسطینیوں کی شہادتوں کے اگلے ہی روز امریکی صدر جوبائیڈن صیہونی ریاست کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسرائیل پہنچے تھے جس کے بعد بھارتی نژاد برطانوی وزیراعظم نے تل ابیب کا دورہ کیا لیکن اسپتال پر اسرائیلی حملے سے متعلق مذمتی بیان نہیں دیا۔

علاوہ ازیں امریکی صدر نے ملاقات میں اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی اور خارجہ معاملات میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی جب کہ حماس کے حملے میں مارے جانے والے 1700 سے زائد اسرائیلیوں کی اموات پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے تعزیت بھی کی تھی۔