Europe Union

غزہ کے اسپتال پر حملے کے ذمے داروں سے جواب طلب کیا جائے: سربراہ یورپی کمیشن

یورپی کمیشن کی سربراہ اُرسلا وان ڈر لیان اور یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا نے غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر ای یو پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسپتال کو نشانہ بنایا جانا خوفناک اور بلاجواز ہے۔

سربراہ یورپی یونین کمیشن نے کہا ہے کہ گزشتہ رات ہولناک سانحے نے ہم سب کو صدمے میں مبتلا کر دیا، غزہ میں متاثرہ اسپتال کے مناظر خوفناک اور تکلیف دہ ہیں۔

سربراہ ای یو کمیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں سے بھرے اسپتال کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں، غزہ میں اسپتال پر حملے کے حقائق سامنے لاکر ذمے داروں کو جوابدہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ المناک گھڑی میں غزہ کے شہریوں کو بچانے کی کوششیں دگنی کرنی چاہئیں۔

خیال رہے کہ یورپی کمیشن نے گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے 10 روز مکمل ہونے کے بعد امدادی کارروائیوں کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے غزہ اور مصر کے درمیان ایک فضائی راہداری کھولی جائے گی۔