US Israel

امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل پہنچ گئے

امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچ گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو کلین چٹ دے دی۔

جوبا ئیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے اسپتال پر دھماکا بظاہر دوسری جانب سےکیا گیا، آپ کی طرف سے نہیں لیکن بہت سے لوگوں کو شبہات ہیں، لہٰذا بہت سی چیزوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتال میں دھماکے سے دلی غمزدہ ہوں، اسرائیلی لوگوں کی ہمت اور بہادری واقعی حیرت انگیز ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جوبائیڈن نے کہا کہ حماس نے حملوں میں 31 امریکیوں سمیت 1300 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا، حماس نے ایسے مظالم کا ارتکاب کیا جس سے داعش زیادہ معقول نظر آئے۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اسرائیل کی دفاعی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نے غیر متزلزل حمایت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حماس نے7 اکتوبر سے اب تک 1400 اسرائیلیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مہذب دنیا کو حماس کو شکست دینے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔