غزہ میں جنگ بندی کی عالمی کوششیں تیز

غزہ میں جنگ بندی کے لیے عالمی سطح پر کوششیں تیز ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور فلسطین تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا، متحدہ عرب امارات، ایران، ترکی اور اردن کے سربراہوں کے اس حوالے سے رابطے ہوئے ہیں جس میں بڑھتے تشدد اور کشیدگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اماراتی اور امریکی صدر کا رابطہ

رپورٹس کے مطابق اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور امریکی صدر جوبائیڈن کے ٹیلی فونک رابطے میں کشیدگی فوری کم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی ہم آہنگی پر غور کیا گیا جبکہ شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینے اور انسانی امداد کی ترسیل کے لیے محفوظ راہداری کھولنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

سعودی ولی عہد اور ترک صدر کا رابطہ
سعودی ولی عہد نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھی ٹیلی فون کیا اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔

یو اے ای اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بھی ٹیلیفونک گفتگو

ادھر یو اے ای اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بھی ٹیلیفونک گفتگو میں عام شہریوں کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔