القسام بریگیڈ کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے اسرائیلی بمباری کا جواب

غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی بمباری کے جواب میں القسام بریگیڈ نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا استعمال کیا ہے۔

القسام بریگیڈ کے مطابق اسرائیلی طیاروں پر 2 میزائل داغے ہیں۔

علاوہ ازیں رات بھر اسرائیلی بمباری کے بعد حماس کی جانب سے اسرائیلی شہر سدیروت پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک عمارت پر براہِ راست راکٹ ٹکرایا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

ایک بار پھر غزہ پر زمینی کارروائی کا اعلان
دوسری جانب غزہ کے کئی علاقے ملبے کے ڈھیر میں بدلنے کے بعد اسرائیل نے ایک بار پھر زمینی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے 3 لاکھ فوجی غزہ کی سرحد کے قریب پہنچا دیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس تبدیلی چاہتی ہے، اسے تبدیلی ملے گی۔

علاوہ ازیں غزہ پر اسرائیل نے پانچویں روز بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حماس کے مطابق غزہ پر رات بھر کے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں اور فیکٹریوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق طیاروں نے گزشتہ رات غزہ میں 200 مقامات کو نشانہ بنایا جبکہ شمال میں آج صبح حماس کے 80 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔