Hamas Update

حماس کی جمعے کو ’یومِ طوفانِ اقصیٰ‘ منانے کی اپیل

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے آئندہ جمعے کو ’یومِ طوفانِ اقصیٰ‘ منانے کی اپیل کر دی۔

حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمان آئندہ جمعے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی مزاحمتی تحریک سے یک جہتی کے لیے میدان میں نکلیں۔

اس حوالے سے حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی سڑکوں اور میدانوں میں نکل کر قابض فوج کے خلاف مزاحمت کریں، مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے چھڑانے کے لیے جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ بیرونِ ممالک مقیم فلسطینی سمیت عرب اور مسلم عوام فلسطین کی سرحدوں کے قریب اکٹھے ہو کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کریں۔

حماس کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ دنیا بھر کے آزادی پسند عوام جمعے کو سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں سے یک جہتی کا مظاہرہ کریں۔

لبنانی سرحد کے قریب 2 جنگجو شہید
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈز نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی چوکی پر حملے کے دوران 2 جنگجو شہید ہو گئے۔

القدس بریگیڈز کے مطابق شہید جنگجوؤں میں حمزہ موسیٰ اور ریاض قبلاوی شامل ہیں۔