مقبوضہ کشمیر؛ملٹری آپریشن میں بھارتی فوج کے 3 اہلکار اور جاسوس کتا ہلاک

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں ہونے والا بھارتی فوج کا ملٹری آپریشن ناکام ہوگیا جس کے دوران تربیت یافتہ جاسوس کتا اور 3 اہلکار مارے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلو راجوری میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اعلیٰ سطح کا سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران ایک گھر میں چھپے ہوئے مسلح افراد نے بھارتی فوج پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ میں بھارتی فوج کا اہلکار موقع پر ہلاک ہوگیا جب کہ تین کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 اہلکاروں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

اسپتال میں دم توڑنے والا ایک اہلکار اسپیشل فورس میں تعینات تھا۔ دو زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے جب کہ فائرنگ میں بھارتی فوج کا تربیت یافتہ کتا بھی مارا گیا۔

کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سرچ آپریشن کے دوران ایک عسکریت پسند بھی بھارتی فوج کی فائرنگ میں ہلاک ہوا جس کا تعلق پاکستان سے ہے۔

تاہم کشمیری پولیس اس کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی اور نوجوان کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی۔

یہ پہلی بار نہیں جب بھارت نے اپنی فوج کی کمزوریوں اور کوتاہیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل پلواما خودکش دھماکے میں بھی پاکستان کو ملوث کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

تاہم بھارت پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے جس پر اسے عالمی سطح پر ہزیمت بھی اُٹھانا پڑتی ہے لیکن مودی سرکار اپنی مذموم حرکتوں سے باز نہیں آتی۔