پیکٹ سے ایک بسکٹ کم نکلنے پرکمپنی گاہک کو1لاکھ ہرجانہ ادا کرے،عدالت

نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو کی عدالت نے پیکٹ سے ایک بسکٹ کم نکلنے پر کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ گاہک کو بطور ہرجانہ ایک لاکھ روپے ادا کرے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو میں ایک شخص نے جب معروف کمپنی آئی ٹی سی فوڈز لمیٹڈ کے بسکٹ کے پیکٹ کو کھولا تو اس میں ایک بسکٹ کم تھا۔

جس پر وہ شخص عدالت چلا گیا اور ایک کروڑ ہرجانے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دھوکا دیکر میرے اعتبار کو ٹھیس پہنچائی گئی اور ناجائز منافع کمایا۔

جس پر عدالت نے آئی ٹی سی فوڈز لمیٹڈ کے نمائندوں کو طلب کرکے وضاحت طلب کی کہ پیکٹ میں 16 کے بجائے 15 بسکٹس کیوں نکلے۔ اگر ہر پیکٹ میں ایک بسکٹ کم ہوں تو کمپنی کو لاکھوں کا فائدہ ہوتا ہوگا۔

فوڈ کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ ایسا غلطی سے ہوگیا ہوگا۔ بسکٹ گن کر نہیں بلکہ تول کر پیک کیے جاتے ہیں تاہم عدالت نے یہ مؤقف مسترد کردیا۔

عدالت نے درخواست گزار کی شکایت کو قبول کرتے ہوئے کمپنی کو حکم دیا کہ گاہک کو 1 لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرے اور 10 ہزار قانونی چارہ جوئی کی مد میں ادا کرے۔

اس طرح بسکٹ کے پیکٹ غائب ایک بسکٹ آئی ٹی سی فوڈز لمیٹڈ کو ایک لاکھ دس ہزار روپے کا پڑ گیا۔

درخواست گزاز نے کہا کہ میں ایک کروڑ ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم عدالت کا جو بھی فیصلہ ہے وہ مجھے منظور ہے۔