جی 20 اجلاس، بھارت کی مصنوعی چمک دمک کا پول کھل گیا

نئی دہلی: جی 20 اجلاس کے میزبان بھارت کے مصنوعی چہرے سے نقاب اتر گیا۔

جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل مودی سرکار کی دنیا کو سب اچھا دکھانے کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ انتظامیہ نے نئی دہلی میں واقع کچی آبادیوں کو ڈھانپ دیا اور جی 20 اجلاس کے پوسٹرز لگا دئیے۔

بھارتی میڈیا میں آنے والی رپورٹس میں ڈھکی ہوئی کچی آبادی اور اس کے پس منظر میں دکھائی دیتی بستی کی خستہ حال عمارتیں صاف دکھائی دے رہی ہیں۔

دہلی کی کچی آبادیوں کی نقل و حرکت کو محدود کرتے ہوئے مکینوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان پر نظر رکھنے کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔وسطی دہلی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور دکانیں بند کردی گئی ہیں جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے جو آئندہ چار روز تک جاری رہے گا۔

بھارتی حکومت نے جی 20 اجلاس کے رکن ممالک سے اپنے غریب عوام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی کو چھپانے کے لیے نمود و نمائش ، پوسٹرز اور کلچرل پروگرامز پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ بے دردی سے خرچ کیا ہے جس پر مودی سرکار کو سخت عوامی تنقید کا سامنا ہے۔