طالبان نے گھریلو تقریب میں میوزک چلانے پر 6 افراد کو گرفتار کرلیا

کابل: افغانستان میں گھر میں ہونے والی ایک تقریب میں میوزک چلانے پر طالبان اہلکاروں نے اس خاندان کے 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان حکومت کی اخلاقی پولیس نے شمالی صوبے بلخ کے شہر مزار شریف کے ایک گھر چھاپا مار کر 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

طالبان کے ایک مقامی اہلکار نے بتایا کہ ان افراد کو گھریلو تقریب میں موسیقی چلانے پر گرفتار کیا گیا تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ گھر میں کس قسم کی تقریب جاری تھی۔

طالبان حکام نے موسیقی کی محفل سے گرفتار کیے گئے افراد کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی۔

طالبان حکومت نے موسیقی کو نوجوانوں کی گمراہی اور معاشرے کی تباہی کا سبب بتاتے ہوئے میوزک پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور خلاف ورزی پر امر بالمعروف و نہی عن المنکر پولیس گرفتار کرلیتی ہے۔

اس سے قبل صوبہ ہرات میں ایک تقریب میں بجائے جانے والے موسیقی کے آلات کو طالبان اہلکاروں نے نذر آتش کردیا تھا۔ افغانستان سے کئی فنکار اور گلوکار یا تو ملک چھوڑ گئے ہیں یا کوئی اور پیشہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔

یاد رہے کہ 15 اگست 2021 میں افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے طالبان نے قومی ٹیلی وژن پر موسیقی نشر کرنے پر پابندی لگا دی تھی اور بتدریج شادی ہالوں، کنسرٹس اور ریڈیو پر پابندی لگادی گئی۔