ایک ماہ میں بھارتی فوج کے تیسرے اہلکار کی خودکشی

نئی دہلی: بھارت میں نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اور اہلکار نے چھت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

بھارتی خبر ساں ادارے کے مطابق ریاست آسام کی فوجی بیس میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار نے اپنے کمرے میں چھت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

اس طرح ایک ماہ میں خودکشی رنے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی۔ اہلکار کی شناخت بپن چندرا کے نام سے ہوئی۔

ساتھی اہلکاروں نے خودکشی کرنے والے بپن چندرا کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔ موت کی وجہ گلے کی ہڈی کا ٹوٹنا اور دم گھٹنا بتایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بپن چندرا کے کمرے سے خودکشی نوٹ ملا اور نہ ایسی کوئی چیز سے ملی ہے جس سے خودکشی کی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں کی کم ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا اور کسی بھی واقعے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کسی کمیٹی کا کبھی کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔