Arrest

امریکا میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر کو دہشت گردی کے الزام میں 18سال قید

واشنگٹن: امریکا میں 31 سالہ پاکستانی ڈاکٹر محمد مسعود کو داعش کے لیے کام کرنے سمیت دہشت گردی کے الزام میں مجموعی طور پر 18 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر محمد مسعود کو ریاست منی سوٹا کی عدالت نے سزا سنائی جو ایک میڈیکل کمپنی میں ملازمت کرتے تھے اور انھیں داعش کے ساتھ روابط رکھنے پر 2020 میں ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

دوران تفتیش گزشتہ برس ہی پاکستانی ڈاکٹر نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ داعش کی حمایت کا ارادہ رکھتے تھے اور 2020 کے ابتدئی تین ماہ میں اردن جا نے کی کوشش بھی کی تاکہ داعش میں شمولیت اختیار کرسکیں۔

تاہم آخری کوشش کے دوران امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے ڈاکٹر محمد مسعود کو اردن جاتے وقت منی ایپلس ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا تھا اور 16 اگست کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

ڈاکٹر محمد مسعود H1B ویزہ پر پاکستان سے امریکا آئے تھے۔ یہ ویزہ دنیا بھر سے اپنے اپنے شعبے میں ماہر افراد کو دیا جاتا ہے اور محمد مسعود کو بھی اسی ویزے کے ذریعے منتخب کیا گیا تھا۔