یونان کے جنگلات میں خوفناک آگ سے 18 تارکین وطن ہلاک

ایتھنز: یونان کے جنگل سے غیر قانونی طور پر ترکیہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران 18 تارکین وطن آتشزدگی میں بری طرح جل کر ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان سے متصل ترکیہ کی سرحد کے نزدیک بری طرح جلی ہوئی 18 لاشیں ملی ہیں۔ یہ افراد یونان کے جنگلات میں تیزی سے پھیلنے والی آگ میں پھنس گئے تھے۔

لاشیں ملنے کا مقام وہی راستہ ہے جو تارکین وطن ترکیہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس مقام پر شدید آگ لگی ہوئی تھی۔

آگ نے جنگل کے دو دیہاتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں اسکول، قبرستان اور درجنوں گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔

یاد رہے کہ یونان کے دو جنگلات الیگزینڈروپولس اور کاوالا کے علاقے میں آتشزدگی کا آج چوتھا دن ہے جسے بجھانے کے لیے 4 طیارے، 3 ہیلی کاپٹرز اور 200 سے زائد فائر فائٹرز اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں تاہم آگ پھیلتی ہی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ یونان میں جنگلات میں ہر سال موسم گرما میں تباہ کن آگ لگ جاتی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی میں جنگلات میں آگ لگنا معمول بنتا جا رہا ہے اور اس وقت بھی امریکا، آسٹریلیا اور یونان سمیت کئی ممالک کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔