افغان طالبان نے تمام سیاسی جماعتوں پر پابندی کا اعلان کردیا

کابل: طالبان نے افغانستان کی تمام سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں اسلامی قوانین یا شریعت کے خلاف ہیں۔

غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق طالبان کے وزیر انصاف عبدالحکیم شرعی نے افغان دارالحکومت کابل میں ایک نیوز کانفرنس میں پابندی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کے کام کرنے کی کوئی شرعی بنیاد نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ (سیاسی جماعتیں) نہ تو قومی مفاد کو پورا کرتی ہیں اور نہ ہی قوم ان کی تعریف کرتی ہے۔ واضح رہے کہ دو برس قبل جب طالبان نے جنگ سے تباہ حال افغانستان پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا، تب 70 سے زیادہ بڑی اور چھوٹی سیاسی جماعتیں وزارت انصاف میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ تھیں۔

بیرونی ممالک نے افغان خواتین کے ساتھ سلوک اور ملک چلانے میں دیگر نسلی اور سیاسی گروہوں کو شامل نہ کرنے پر طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔