ازبکستان میں بھارتی سیرپ پینے سے بچوں کی ہلاکت؛شرمناک انکشافات سامنے آگئے

تاشقند: بھارتی فارماسیوٹیکل کمپنیاں دنیا بھر میں علاج کے بجائے موت بانٹنے لگیں جس پر کئی ممالک نے بھارتی دوا سازی کمپنیوں سے خریداری معطل کردی۔

ازبکستان میں بھارت میں تیار کردہ کھانسی کے سیرپ سے 65 بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر بھارتی دوا ساز کمپنیوں کی لالچ و حرص کھل کر سامنے آگئی۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ تحقیقات میں صحت یابی کے فروغ کے بجائے زہریلی دوا کھلانے کے ہولناک انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ بھارتی کمپنی کورامیکس نے کھانسی کا سیرپ اپنے ہی ملک کی کمپنی میریون بائیوٹیک سے لی تھی۔

تحقیقات کے مطابق میریون بائیو ٹیک نے زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی لالچ میں غیر معیاری کھانسی کا سیرپ تیار کیا جس میں کیڑے مار دوائی میں استعمال ہونے والے اجزا ڈالے گئے۔

بعد ازاں کورامیکس نے موت بانٹنے والا یہ سیرپ ازبکستان بھیجنے کے لیے 33 ہزار ڈالر رشوت دے کر کوالٹی ٹیسٹ بھی حاصل کرلیا۔ جس کا اعتراف کورامیکس کے سی ای او پرتار سنگھ نے بھی کرلیا۔

ازبکستان کی تحقیقاتی ٹیم نے بتایا کہ کورامیکس کمپنی نے ٹیکس فراڈ کیلئے شربتوں کی قیمت بھی زیادہ ظاہر کی تھی۔

یاد رہے کہ یہ اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد امریکا، یورپی یونین اور دیگر کئی ممالک نے بھارتی کمپنی میریون بائیو ٹیک کا لائسنس معطل کر دیا تھا۔