روس،پٹرول اسٹیشن میں آگ لگنے کے باعث دھماکہ،35افراد ہلاک

جنوبی روس کے علاقے داغستان میں ایک پٹرول سٹیشن میں آگ اور دھماکے کے نتیجے میں تین بچوں سمیت کم از کم 35 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ داغستانی دارالحکومت ماخچکالا میں ایک شاہراہ کے کنارے واقع ایک آٹو مرمت کی دکان میں پیر کی رات شروع ہوئی اور دھماکے سے قریبی پٹرول اسٹیشن تک پھیل گئی۔

ایک گواہ نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ یہاں جنگ کی طرح ہے۔

روس کی ہنگامی وزارت نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ کل 115 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 16 بچے بھی شامل ہیں اور 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

داغستان کے گورنر سرگئی میلیکوف نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

میلیکوف نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر بتایا کہ دھماکہ پیر کی رات9 بج کر 40 منٹ پر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجوہات اور نوعیت کی وضاحت کی جا رہی ہے۔

حکام نے مجرمانہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ داغستان میں منگل کو یوم سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

داغستان کے حکام نے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو ہر ایک کو 1 ملین روبل (تقریباً 10 ہزارڈالر) اور زخمیوں کو 200000 سے 400000روبل (تقریبا 2 ہزار سے 4 ہزار ڈالر)ملیں گے۔

روس کی ہنگامی صورتحال کی وزارت نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر بتایا کہ شدید زخمیوں کو ماسکو سے نکالنے کے لیے ایک طیارہ ماخچکالا روانہ کر دیا گیا ہے۔

ماخچکالا ماسکو سے تقریباً 1,600 کلومیٹر (990 میل) جنوب میں ہے۔