امریکا کے جنگلات میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی میں 36 افراد ہلاک

واشنگٹن: امریکی ریاست ہُوائی کے ماوئی جنگلات میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست ہُوائی کی کاؤنٹی ماوئی میں گزشتہ روز 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ آگ بجھانے کی تمام کاوشیں ناکام ثابت ہوئیں اور آگ تیزی سے پھیلتی ہی گئی۔

تیز ہوا نے آگ کے پھیلاؤ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ آگ قریبی قصبے لہینا تک پہنچ گئی جس نے کئی رہائشی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قصبے کو خالی کرالیا گیا۔

جنگلات میں لگنے والی آگ میں آج مزید 30 افراد ہلاک ہوگئے اس طرح 2 دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 36 ہوگئی۔ دھوئیں کے باعث درجنوں افراد کی حالت غیر ہوگئی جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سیاحوں اور رہائشیوں کو جنگل کے قریب جانے سے روکا جا رہا ہے اور ایک ہزار سے زائد افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کا مشن انجام دے رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں ہیں۔ ماحول دوست طرز زندگی کو اپنا کر اور زہریلے مادوں کے کم سے کم استعمال سے ہم اپنی زمین کو ان ناگہانی آفات سے بچاسکتے ہیں۔