یوٹیوب انفلوئنسر کا پلے اسٹیشن 5 بانٹنے کا اعلان، ہزاروں افراد پہنچ گئے، ہنگامہ برپا

نیویارک: مفت پلے اسٹیشن 5 اور دیگت قیمتی اشیا مفت بانٹنے کا اعلان مشہور یوٹیوبر کو مہنگا پڑ گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے مشہوریو ٹیوب انفلوئنسر کاسنیٹ نے سوشل میڈیا پر مفت پلے اسٹیشن 5 اور دیگر قیمتی اشیا مفت بانٹنے کا اعلان کیا جس کے بعد ہزاروں افراد نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کے یونین اسکوائر پہنچ گئے۔

غیرمعمولی ہجوم پر قابو پانے کے لیے پولیس کو طلب کیا گیا تو مجمع نے پولیس پر بوتلیں اور کرسیاں پھینکیں۔ سیکڑوں افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپوں سے اطراف کی گلیاں میدان جنگ بن گئیں۔ جھڑپوں میں دھوئیں کے بم بھی پھینکے گئے۔

پولیس نے ہنگامہ آرائی اور افراتفری پر اکسانے کے الزام میں انفلوئنسر کاس نیٹ کو گرفتار کرلیا۔ ہنگامہ آرائی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے پر 65 سے زائد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ انفلوئنسر سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے.