Court Hammar

برطانیہ؛ ہم وطن نوجوانوں کو قتل کرنے والی پاکستانی نژاد ماں بیٹی مجرم قرار

لندن: برطانیہ کی عدالت نے ہم وطن نوجوانوں کو قتل کرنے والی پاکستانی نژاد ٹک ٹاکر ماں بیٹی کو مجرم قرار دے دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق والدہ کے نوجوان کے ساتھ معاشقے کو چھپانے کے لیے پاکستانی نژاد برطانوی ٹک ٹاکر مہک بخاری نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 پاکستانی نوجوانوں کو قتل کیا تھا اور اسے روڈ حادثے کا رنگ دیا تھا۔

برطانیہ کے شہر لیسٹر کی عدالت نے 45 سالہ نسرین بخاری اور ان کی 24 سالہ بیٹی مہک بخاری کو 28 گھنٹے کی کارروائی کے بعد مجرم قرار دیا۔ فیصلہ سننے کے بعد ماں اور بیٹی رو پڑیں۔ مقدمے میں شامل ریحان کاروان اور رئیس جمال کو بھی قصوروار پایا گیا جبکہ دیگر 4 افراد کو بری کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ٹک ٹاکر مہک بخاری کی والدہ 45 سالہ نسرین بخاری کا معاشقہ نوجوان ثاقب حسین سے تھا مگر بعد ازاں ٹک ٹاکر کی والدہ تعلقات کو ختم کرنا چاہتی تھیں لیکن نوجوان ایسا نہیں چاہتے تھے۔ مہک بخاری نے فروری 2022 میں نوجوانوں کو دھوکے سے بلا کر روڈ حادثے کا نشانہ بنایا جس میں دونوں نوجوان ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان کی جانب سے تعلقات کو ختم نہ کرنے اور شادی شدہ خاتون کو بدنام اور بلیک میل کرنے کی دھمکیاں دیے جانے کے بعد ٹک ٹاکر نے والدہ کی جانب سے مدد مانگنے پر نوجوان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔