خانہ کعبہ کو کل غسل دیا جائے گا؛ تیاریاں مکمل

مکہ مکرمہ: حرمین شریفین کے امور کی صدارت عامہ کے سربراہ شیخ الرحمان السدیس نے کہا ہے کہ خانہ کعبہ کو کل غسل دینے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کی صدارت عامہ کی ہدایت پر خانہ کعبہ کے دروازے سے پردہ ہٹا دیا گیا تاکہ کل بعد نماز فجر خانہ کعبہ کو سالانہ غسل دیا جا سکے۔

خانہ کعبہ کے اندرونی دیواروں کو آب زم زم، مشک اور عرق گلاب سے دھویا جائے گا جس کی سعادت مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل حاصل کریں گے۔

خانہ کعبہ کے اندرونی فرش کو آبِ زم زم، عرقِ گلب اور عود کے عطر سے دھویا جائے گا جس کے بعد کھجور کے پتوں سے فرش اور دیواروں کو خشک کیا جائے گا۔

خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو سفید کپڑے کی مدد سے چمکایا جائے گا۔ امورِ حرمین شریفین کے صدر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس خانہ کعبہ کو غسل دینے کے عمل کی نگرانی کریں گے۔