Indian Police

بھارتی اہلکار نے چلتی ٹرین میں سینیئرافسراور3 مسافروں کو قتل کردیا

جے پور: بھارت میں ریلوے پولیس کے اہلکار نے معمولی تلخ کلامی پر چلتی ٹرین میں اپنے سینیئر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا اور پھر دوسری بوگی میں گیا جہاں مسافروں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو 3 مسافروں کو بھی بھون ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور سے ممبئی جانے والی ٹرین میں ریلوے پروٹیکشن فورس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور 3 مسافروں کی خون میں لت پت لاشیں ملی ہیں۔

ریلوے حکام کو اس واقعے کی جیسے ہی اطلاع ملی اگلے اسٹیشن پر ٹرین کو رکوالیا گیا۔ عینی شاہدین کی نشاندہی پر پولیس نے تعاقب کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے سرکاری اسلحے کو بھی تحویل میں لے لیا۔
ملزم کی شناخت کانسٹیبل چیتن سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جس نے سرکاری رائفل سے اپنے اسکارٹ ڈیوٹی انچارج اے ایس آئی تکارام مینا اور 3 مسافروں کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا۔

ریلوے پروٹیکشن فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم غصے کا تیز تھا اور جلدی طیش میں آجاتا تھا۔ اس واقعے کی وجہ بھی غصے میں حواس کھو بیٹھنا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

دوسری جانب وزارت ریلوے نے مقتول اے ایس آئی تکارام مینا کے اہل خانہ کے لیے 15 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے جب کہ آخری رسومات کے اخراجات کے لیے 20 ہزار بھی دیے جائیں گے۔