افغان طالبان کی باجوڑ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

کابل: افغان عبوری حکومت نے باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے ورکرز کنونشن کے دوران ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے سے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے انہوں نے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے حملوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ تاحال کسی عسکریت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن ماضی میں پاکستان نے متعدد مرتبہ افغان حکومت سے اس بات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے۔