نشے میں دھت مسافر دوران پروازخاتون اور انکی بیٹی کا جنسی استحصال کرتا رہا

واشنگٹن: نیو یارک میں ایئر لائن کمپنی ڈیلٹا پر ایک خاتون مسافر نے 2 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ کردیا جس میں کہا گیا کہ 9 گھنٹے کی پرواز کے دوران طیارے میں ایک شرابی مسافر میرا اور میری نابالغ بیٹی کا جنسی استحصال کرتا رہا لیکن بار بار شکایت کے باجود عملے نے کچھ نہیں کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مذکوہ ایئر لائن کے خلاف ہرجانے کے دعوے کی سماعت نیویارک کی عدالت میں ہوئی۔ خاتون مسافر کے وکیل نے بتایا کہ ایئرلائن نے ایک ایسے مسافر کو طیارے میں بیٹھنے کی اجازت دیدی جو نشے میں دھت تھا اور اس سے ڈھنگ سے چلا بھی نہیں جا رہا تھا۔

وکیل نے مزید کہا کہ اس کے بعد طیارے میں عملہ اسی شخص کو شراب پر شراب مہیا کرتا رہا حالانکہ اس مسافر کی حالت ایسی نہیں تھی کہ اسے مزید شراب دی جاتی۔
خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا مکمل طور پر نشے میں چُور ہونے کے بعد اس شخص نے میری موکلا کی نابالغ بیٹی کو برے انداز سے چھوا اور اس سے گھر کا پتا معلوم کرنے کی کوشش کرتا رہا۔

خاتون نے بھی عدالت کو بتایا کہ نشے میں دھت آدمی بچی کو منع کرنے کے باوجود بار بار چھوتا رہا جس پر میں نے عملے کو کہا کہ وہ اس شخص کو روکیں لیکن عملے نے تعاون نہیں کیا۔

خاتون کے مطابق عملے کی لاپرواہی دیکھتے ہوئے میں شرابی مسافر اور اپنی بیٹی کے درمیان والی سیٹ پر بیٹھ گئی لیکن اس شخص نے میرا بھی جنسی استحصال کیا اور میرے اعضا کو چھونے لگا۔

خاتون نے بیان میں مزید کہا کہ میں پھر فلائٹ اٹینڈیٹ کے پاس گئی اور سیٹ کی تبدیلی کی دوبارہ بات کی۔ اس دوران وہ شخص میری بچی پر چیختا رہا اور سیٹ پر لاتیں مارتا رہا۔

خاتون کے مطابق فلائٹ اٹینڈنٹ نے کہا کہ ہم آپ کی اس معاملے میں کوئی بھی مدد کرنے سے قاصر ہیں جس پر ایک رحم دل مسافر نے میری بیٹی کو اپنی نشست پر بٹھایا اور خود شرابی مسافر اور میرے درمیان والی سیٹ پر بیٹھ گیا۔

خاتون نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایئرپورٹ پہنچنے پر وہ جہاز سے اتر کر جارہی تھی تو فلائٹ اٹینڈنٹ نے عدالت میں مقدمہ نہ کرنے کے عوض مجھے اور میری بیٹی کو 5000 مفت ایئر لائن سفر اور باضابطہ معافی نامے کی پیشکش بھی کی تھی۔

خاتون کے وکیل نے مطالبہ کیا کہ ایئرلائن کمپنی کے عملے کے غفلت اور لاپرواہی نے میری موکلا اور ان کی کم سن بیٹی کو ذہنی اذیت میں مبتلا رکھا جس کے ہرجانے کے طور پر ایئرلائن کمپنی کو 2 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے سماعت اگلی تاریخ ملتوی کردی۔