3 ہزار گاڑیاں لے جانے والے جہاز میں آتشزدگی، عملہ سمندر میں کود گیا

یمسٹر ڈیم: ہالینڈ کے قریب گاڑیوں سے لدے بحری کارگو جہاز میں اچانک آگ لگ گئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالینڈ کے جزیرے ایملینڈ کے ساحل کے قریب 3 ہزار گاڑیاں لے جانے والے کارگو بحری جہاز میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک اور عملے کے ارکان سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے۔ جہاز کے عملے کے عملے کے کچھ افراد نے آگ سے بچنے کے لیے 100 فٹ کی اونچائی سے سمندر میں چھلانگ لگائی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عملے نے پہلے اپنے طور پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ جہاز میں لگی آگ بجھانے کے لیے بحیرہ شمالی میں بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور خدشہ ہے کہ آگ پر قابو پانے میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔

ڈچ کوسٹ گارڈ کے مطابق جہاز کو ٹھنڈا کرنے کے لیے اطراف میں پانی ڈالا جا رہا تھا لیکن ریسکیو کشتیوں نے ڈوبنے کے خطرے کی وجہ سے جہاز پر بہت زیادہ پانی ڈالنے سے گریز کیا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم امکان ہے کہ آتشزدگی کی وجہ الیکٹرک گاڑی ہو سکتی ہے۔ جہاز پر تقریبا 25 گاڑیاں برقی تھیں۔ تین ہزار گاڑیوں سے لدا بحری کارگو جہاز منگل کو شمالی جرمنی سے مصر کے شہر پورٹ سعید کے لیے روانہ ہوا تھا۔