سرینڈر کرنے کے باوجود امریکی پولیس اہلکار نے سیاہ فام ملزم پر کتا چھوڑ دیا

امریکا کی ریاست اوہائیو میں سرینڈر کرنے کے باوجود پولیس اہلکار نے سیاہ فام ملزم پر کتا چھوڑ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک افریقی نژاد امریکی کے رکنے کے اشارے پر دھیان نہ دینے اور تیز رفتاری کے باعث پولیس نے اس کا پیچھا کرنا شروع کیا تو وہ دوسری گاڑی سے ٹکرا کر گاڑی سے باہر نکل کر بھاگنے لگا جس پر پولیس نے بھی اسے پکڑنے کی کوشش کی۔

رپورٹس کے مطابق تعاقب کے بعد ’روز‘ نامی ملزم ہاتھ اٹھا کر خود کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے راضی ہو گیا تاہم پھر بھی پولیس اہلکاروں کی ٹیم میں موجود ایک اہلکار نے اس سیاہ فام ملزم پر کتے کو چھوڑ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار کو اس کا ساتھی اہلکار ایسا نہ کرنے کی وارننگ بھی دے رہا تھا تاہم پولیس اہلکار نے اس بات پر کان نہ دھرے۔

رپورٹس کے مطابق کتے نے ملزم پر حملہ کر کے اس کو گھسیٹا جس کے باعث اس کے ہاتھوں پر زخم آئے اور تقریباً 30 سیکنڈ بعد پولیس اہلکاروں نے کتے کو پیچھے ہٹنے کا کہا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملزم کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دے کر اسپتال لے جایا گیا۔

ملزم پر فرار ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور وہ اس وقت کاؤنٹی جیل میں ہے۔

دوسری جانب محکمۂ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پر کتا چھوڑنے والے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کے پاس ہتھیار موجود نہیں تھا.