افغانستان میں سیلاب نے تباہی مچادی؛26 جاں بحق اور 40 لاپتا

کابل: افغانستان کے وسطی صوبوں میں مسلسل بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور 40 لاپتا ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان حکومت کی وزارت ڈیزازٹر منیجمنٹ کے ترجمان شفیع اللہ رحیمی نے بتایا کہ جمعے سے مسلسل ہونے والی بارشوں نے سیلابی کیفیت اختیار کرلی ہے۔ نشینی علاقے زیر آب آگئے اور کئی گاؤں ڈوب گئے۔

ترجمان طالبان نے مزید بتایا کہ ایک دن میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ 40 سے زائد لاپتا ہیں جن کی تلاش میں ریسکیو کا کام جاری ہے۔

میدان وردک میں 26 ہلاکتوں کے بعد ملک بھر میں ہونے والی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی۔ 650 گھر تباہ ہو گئے۔ 1500 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

کھیتوں میں تیار فصلیں بھی سیلابی پانی سے تباہ ہوگئیں۔ صوبہ میدان وردک کے کچھ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا۔