غرقاب آبدوز ٹائٹن کی کمپنی ‘اوشین گیٹ‘ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کردیے

واشنگٹن: ٹائی ٹینک کی باقیات دکھانے لے جانے والی آبدوز ٹائٹن سمندر میں پھٹ گئی تھی اور اس میں موجود دو پاکستانی سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے واقعے کے بعد آبدوز کی ملکیت رکھنے والی کمپنی اوشین گیٹ نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کردیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹائیٹن آبدوز بنانے اور اس میں سیاحوں کو ٹائی ٹینک کے ملبے تک سفر کروانے والی کمپنی اوشین گیٹ نے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر تمام اکاؤنٹس ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام کو بند کردیا۔

اوشین کمپنی نے اکاؤنٹس بندکرنے سے متعلق کوئی بیان بھی جاری نہیں کیا۔ اس سے قبل اوشین کمپنی نے اپنے ریسرچ مشن کو معطل کرنا کا اعلان کیا تھا اور دیگر تمام سرگرمیاں بھی بند کردی تھیں۔

یاد رہے کہ اوشن گیٹ کو 18 جون کو ٹائٹن آبدوز کے تباہ ہوجانے کے بعد سے تفتیش اور کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ آبدوز کے ملبے کو نکال لیا گیا جس کا فرانزک ٹیسٹ کیا جائے گا اور حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جائے گی۔

حادثے کی وجہ میں کمپنی کی غفلت پائی گئی تو لواحقین ہرجانے کا دعویٰ بھی کرسکتے ہیں۔ اوشین کمپنی نے ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر کا ٹکٹ دیتی تھی۔