شمالی کوریا کا بین البراعظمی میزائل کا تجربہ، امریکا کی مذمت

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہواسونگ 18 کا تجربہ کیا ہے۔

جنوبی کوریا کے میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے 13 ہزار کلومیٹر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے تجربے کا مشاہدہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے بھی کیا۔ میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق میزائل ایک گھنٹے سے زائد وقت میں ایک ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے جاپان کے سمندر میں گر گیا۔ جنوبی کوریا اور امریکا نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے اس اقدام سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔ میزائل تجربے سے ثابت ہوگیا کہ شمالی کوریا کی حکومت کی ترجیح عوام کی بھلائی نہیں بلکہ ہتھیاروں میں اضافہ ہے۔