اسرائیلی صدر کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت

تل ابیب: اسرائیلی صدر اسحاق ہرزیوگ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس کتاب کی بے حرمتی پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی صدر اسحاق ہرزیوگ نے قرآن پاک کی بے حرمتی کو ذلت آمیز فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مذہب کی مقدس کتب کو جلانا سنگین جرم ہے۔

اسرائیلی صدر نے مزید کہا کہ اسی طرح کسی بھی مذہب کے مقدس مقامات کی توہین کرنا بھی سنگین جرم ہے۔ مذہبی کتب اور مقدس مقامات کی بے حرمتی پر کسی بھی صورت میں خاموش نہیں رہ سکتے۔

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزیوگ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی رواداری، نفرت اور پُر تشدد واقعات کی روک تھام کے لیے فوری توجہ اور مشترکہ کوششیں کرے۔

یاد رہے کہ سویڈن میں انتہا پسند رہنما نے عیدالاضحیٰ کے روز مرکزی مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں قرآن پاک کے مقدس اوراق کو جلانے کی ناپاک جسارت کی گئی تھی۔