یوکرین میں رہائشی عمارت روسی میزائل لگنے سے تباہ؛ 4 افراد ہلاک

کیف: یوکرین کے شہر لویف میں مبینہ طور پر روسی میزائل لگنے سے ایک رہائشی اپارٹمنٹ زمین بوس ہوگئی اور ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے۔ تاحال 4 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے مغربی شہر لویف کے میئر نے کہا ہے کہ روس نے رہائشی انفراسٹریکچر پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا ہے جس میں 50 سے زائد فلیٹس اور پولی ٹیکنیک کالج کا ایک ہاسٹل تباہ ہوگیا۔

اپارٹمنٹ پر روسی میزائل حملے میں دوسری اور تیسری منزل مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ یہ علاقہ پولینڈ کی سرحد کی نزدیک ہے جہاں روس باقاعدگی سے یوکرین پر میزائلوں، توپ خانے اور ڈرونز سے گولہ باری کرتا آیا ہے۔

ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 9 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یوکرینی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ عمارت کو کتنے میزائل لگے لیکن نقصان دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ میزائل 5 سے زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔

یوکرین نے حال ہی میں اپنے فضائی دفاعی نظام کو مغربی ممالک کی فراہم کردہ ہتھیاروں سے تقویت دی ہے جس کی مدد سے اکثر روسی میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا جاتا ہے۔

روس کی جانب سے رہائشی اپارٹمنٹ پر میزائل حملے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا لیکن روس یوکرین میں شہریوں اور رہائشی علاقوں میں بمباری کی ہمیشہ سے تردید کرتا آیا ہے۔