ناروے؛ رکن پارلیمنٹ ائیرپورٹ شاپ پرچشمہ چراتے پکڑا گیا

اسٹاک ہوم: ناروے کا رکن پارلیمنٹ کو ائیرپورٹ کی ایک دکان پرچشمہ چراتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ناروے کی پارلیمنٹ کے رکن بجورنر موکسنیس کو دارالحکومت اوسلو کے بین الاقوامی ائیرپورٹ کے فری زون میں واقع ایک اسٹور سے مہنگا دھوپ کا چشمہ چراتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ بجورنر مارکسسٹ پارٹی ریڈ کے سربراہ ہیں۔

چشمہ چوری کرنے پر 41 سالہ موکسنیس کو 3 ہزار نارویجن کرونز جرمانہ کی سزا دی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں چوری کا انکشاف ہونے پر اسٹور انتظامیہ نے سیکورٹی کو طلب کیا تھا۔ رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ ان کا ارادہ چوری کا نہیں تھا بلکہ چشمہ غلطی سے اپنے سامان میں رکھ لیا تھا۔

انتظامیہ نے ان کی بات کو تسلیم نہ کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔ رکن پارلیمنٹ نے اپنی حرکت پر معافی مانگ لی ہے۔