بھارت میں تیزرفتار ٹرک کئی گاڑیوں کو کچلتا ڈھابے میں جا گھسا؛ 9 افراد ہلاک

نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک تیز رفتار ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ڈھابے میں جا گھسا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک نے پہلے 2 موٹر سائیکلوں، وین اور ایک ٹرک کو بھی ٹکر ماری اور پھر سڑک کنارے واقع ہوٹل میں گھس گیا۔

ٹرک اتنی تیز رفتاری سے ڈھابے میں گھسا کہ وہاں کھانا کھانے والوں کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ ٹرک نے کئی مسافروں کو کچل دیا۔

حادثے میں 30 کے قریب افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ 8 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹرک کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔