پب جی ؛ لڑکے سے ملنے بھارت پہنچنے والی پاکستانی خاتون گرفتار

نیواڈا: آن لائن گیم پب جی کھیلتے کھیلتے دوستی اتنی گہری ہوگئی کہ 4 بچوں کی ماں پاکستان سے بھارت جا پہنچی جہاں غیر قانونی طور پر قیام کرنے پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 29 سالہ سیما کراچی سے براستہ نیپال غیر قانونی طور پر نیواڈا پہنچی تھی جہاں 22 سالہ لڑکے سچن نے رہنے کو گھر بھی دیا ہوا تھا۔ دونوں شادی کرنا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں ایک وکیل کے پاس پہنچے۔

وکیل نے جوڑے کو اگلے روز آنے کا کہا اور پولیس کو پورا واقعہ بتادیا۔ پولیس نے تلاش بسیار کے بعد جوڑے کو گرفتار کرلیا جب کہ خاتون کے چاروں بچوں کو دارالامان میں رکھا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون خود کو پاکستانی بتا رہی ہیں اور ان کے پاس بھارتی ویزہ بھی نہیں ہے۔ وہ کراچی سے پہلے دبئی پہنچیں جہاں ان کے شوہر ملازمت کرتے ہیں اور پھر وہاں سے نیپال گئیں۔

نیپال سے غیر قانونی طور پر ریاست اترپردیش آئیں اور وہاں سے بس کے ذریعے نیواڈا پہنچیں۔ دونوں کا بھانڈا وکیل نے پھوڑا جس کے پاس جوڑا شادی کے لیے گیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں بھی پاکستانی شہر حیدرآباد سے 19 سالہ اقرا جیوانی بھارتی ریاست اترپردیش کے 26 سالہ ملائم سنگھ سے ملنے بھارت پہنچ گئی تھی جسے واپس بھیج دیا گیا تھا۔ ان دونوں کی محبت بھی آئن لائن گیم ’’لڈو‘‘ کھیلتے پروان چڑھی تھی۔