کے پی میں آج سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونیکا امکان

پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں آج 3 جولائی سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مراسلے میں بتایا ہے کہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے لہٰذا ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔

بارشوں سے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے لہٰذا برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے۔

مراسلے کے مطابق حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائیں اور پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔

اسکے علاوہ تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں، سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔ انتظامیہ اسپیل کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کریں، حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پر مسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔

متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں، اسپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔

سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے، سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ پی ڈی ایم اے اور پی ای او سی کو صورتحال کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے۔

بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے.