امریکا: بالٹی مور میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی

بالٹی مور: امریکی شہر بالٹی مور میں مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ میں 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بالٹی مور کے بلاک پارٹی میں فائرنگ کے واقعے میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 28 زخمی ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بالٹی مور پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال واقعے کے محرک کا تعین نہیں ہوسکا۔ ملزم فرار ہے جس کے تعاقب میں پولیس پارٹی کو بھیجا گیا ہے۔ ہم ملزم کو جلد ہی گرفتار کرلیں گے۔

بالٹی مور کے میئر برینڈن اسکاٹ نے اسلحے کی خرید و فروخت کے قانون پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے پاس بھی اسلحہ ہے جن کے پاس یہ قطعی نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ملزم کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پولیس نے فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور ٹریفک حادثے کے بعد موت کی سب سے زیادہ شرح فائرنگ کے واقعات میں ہے۔