بھارت میں ڈاکٹر نے زبان کے آپریشن کے بجائے بچے کی ختنہ کردی

لکھنؤ: بھارتی ریاست اتردیش کے شہر بریلی میں ڈاکٹروں نے غفلت اور لاپرواہی کی مثال قائم کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بریلی سے تعلق رکھنے والے ڈھائی سالہ بچے کے والدین نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ بچے کو بولنے میں مسئلہ تھا جس کے لیے ڈاکٹرز نے آپریشن تجویز کیا تھا اور اس مقصد کے لیے بچے کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔

والدین کا کہنا تھا کہ بچی آپریشن تھیٹر سے واپس آیا تو دیکھا کہ بچے کی زبان کا تو کوئی آپریشن نہیں کیا البتہ ختنہ کردی گئی تھی۔ اس معاملے نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کرلی۔

نائب وزیر اعلیٰ جو وزیر صحت بھی ہیں نے والدین کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت صحت سے 24 گھنٹے کے اندر رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ والدین نے پہلے بتایا تھا کہ بچے کو بولنے میں دقت ہورہی ہے تاہم بعد میں والدین نے کہا کہ بچے کو پیشاب کرنے میں تکلیف ہوتی ہے۔

ڈاکٹرز نے پولیس کو بتایا کہ پیشاب درست نہ آنے کا علاج ختنہ کی سرجری تھا لیکن والدین الجھن میں پڑ گئے۔

بچے کا ختنہ کردینے پر ہندو برادری نے اسپتال کے باہر احتجاج بھی کیا۔