Iran Srilanka Bartar Trade

بارٹر ٹریڈ کا آغاز، سری لنکا چائے کے بدلے ایران سے تیل لے گا

سری لنکا اگلے ماہ سے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ (مال کے بدلے مال) کا آغاز کررہا ہے، جس کے تحت وہ 25 کروڑ ڈالر مالیت کی چائے کے بدلے ایرانی تیل لے گا۔

یہ بات ایک سری لنکن عہدیدار نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حتمی دستاویزات کا انتظار کر رہے ہیں، امید ہے کہ جولائی سے برآمد شروع ہوجائے گی۔

بارٹر پروگرام کے ذریعے سری لنکن سرکاری ملکیتی سیلون پیٹرولیم کمپنی ایران سے تیل خرید کر ملک کے چائے بورڈ کو روپے میں ادائیگی کرے گی، چائے بورڈ اس رقم کی چائے برآمد کنندگان کے ذریعے ایران بھیجے گا۔

ایران میں چائے درآمد کرنے والے نیشنل ایرانی تیل کمپنی کو ریال میں ادائیگی کریں گے۔

2012 میں درآمد کیے گئے تیل کیلئے 2021 میں بارٹر ٹریڈ پر اتفاق کیا گیا تھا لیکن سری لنکا میں غیر معمولی ڈالر کی قلت کی وجہ سے عمل درآمد میں مزید وقت لگ گیا۔

سری لنکا کے چائے بورڈ کے چیئرمین نیرج ڈی میل نے کہا کہ یہ وقت سب سے بہترین ہے کہ ہمیں ایک اہم منڈی تک رسائی مل جائے گی اور ایران اور سری لنکا ڈالر پر انحصار کیے بغیر تجارت کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں طے ہوا تھا کہ ہم 48 مہینوں تک ہر مہینے 50 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے کی پتی برآمد کریں گے لیکن ہم نے فی الوقت 20 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے برآمد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کی سیلون چائے عالمی سطح پر مقبول ہے اور ملک کیلئے سب سے زیادہ زرمبادلہ لانے والی فصل بھی یہی ہے۔