لاپتا آبدوز کی تلاش کے دوران ٹائی ٹینک کے قریب ملبہ ملا ہے، امریکی کوسٹ گارڈ

واشنگٹن: امریکی کوسٹ گارڈ نے کہا ہے کہ بحراوقیانوس میں غرقاب جہاز ٹائی ٹینک کے قریب سے ملبہ برآمد ہوا ہے جو ممکنہ طور پر لاپتہ آبدوز کا ہوسکتا ہے۔

امریکی کوسٹ گارڈ نے ریسکیو آپریشن کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملبے کے آثار ریموٹ کنٹرول گاڑی کی مدد سے دریافت ہوئے ہیں، جس کا ماہرین جائزہ لے رہے ہیں۔

لاپتہ آبدوز کی تلاش کے لیے مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اپنے اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے آبدوز کا سراغ لگانے اور اُس میں سوار پانچ افراد کو زندہ بچانے کے لیے کوشاں ہے۔

کوسٹ گارڈ حکام نے یہ بھی کہا کہ ملبے کے حوالے سے تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی بھی حتمی بات نہیں کی جاسکتی تاہم خدشہ ہے کہ یہ ٹائٹن آبدوز کا ہی ملبہ ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخصیات کو ٹائی ٹینک کی باقیات دکھانے کے لیے لے جانے والی آبدوز ٹائٹن لاپتا ہے جس کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ آبدوز 5 سیاحوں کو لیکر 18 جون اتوار کے روز یو فاؤنڈلینڈ کے ساحل سے تقریباً 600 کلومیٹر دور 111 سال قبل غرقاب ہونے والے عظیم جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے روانہ ہوئی تھی لیکن پونے دو گھنٹے بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔