ٹائٹن آبدوز میں آکسیجن آج شام 4 بج کر 8 منٹ تک ختم ہو جائے گی

بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے جانے والی آبدوز میں آج پاکستانی وقت شام 4 بج کر 8 منٹ تک آکسیجن ختم ہو جائے گی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اتوار کو لاپتا ہونے والی آبدوز کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور روبوٹ سے لیس فرانسیسی جہاز اٹلانٹا لاپتا ٹائٹن کی تلاش کے مقام کے قریب پہنچ گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فرانسیسی جہاز پر موجود روبوٹ 6 ہزار میٹر تک ڈائیو کر سکتا ہے اور سمندر کی تہہ میں اٹکی چیز کو نکال سکتا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ روبوٹ ٹائٹن جیسی بھاری شے کو سمندر کی تہہ سے اوپر نہیں لا سکتا۔

دوسری جانب امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ٹائٹن کی تلاش کے دوران گزشتہ روز 2 بار زیرِ سمندر آوازیں سنی گئی تھیں جس کے بعد آوازوں کے اطراف کے علاقے کی تلاشی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ٹائٹن کو تلاش کرنے کی انتھک کوششیں کر رہی ہیں۔

اس حوالے سے غیرملکی خبر ایجنسی کا بتانا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور فرانس کی ٹیمیں آبدوز کی تلاش میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ ٹائی ٹینک کا ملبہ دکھانے کے لیے ٹائٹن سیاحتی مشن پر اتوار کو گہرے سمندر میں جانے کے بعد لاپتا ہوگئی تھی۔