9 سالہ بچی سے زیادتی پر ’سی این این‘ کے پروڈیوسر کو 19سال قید کی سزا

واشنگٹن: امریکی عدالت نے معروف نشریاتی ادارے سی این این کے سابق پروڈیوسر جان گریفن کو کم سن لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں 19 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سی این این کے پروڈیوسر 47 سالہ جان گریفن نے دو سال قبل سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد ایک خاتون کو اپنے گھر پر بلایا تھا جن کے ساتھ ان کی کم سن بیٹی بھی تھی۔

خاتون اور ان کی 9 سالہ بیٹی نے وہیں قیام کیا۔ جس کے دوران جان گریفن نے بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچی نے اپنی والدہ کو بتایا جنھوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔

جان گریفن نے 2021 میں عدالت میں جرم سے قبول کرنے سے انکار کردیا تاہم تفتیش مکمل ہونے اور ٹھوس شواہد ملنے پر سی این این پروڈیوسر کے پاس جرم کا اعتراف کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

دسمبر 2022 میں 47 سالہ جان گریفن نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کرلیا اور انھیں گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاری کے بعد سی این این نے پروڈیوسر جان گریفن کو نوکری سے نکال دیا تھا۔

عدالت نے جان گریفن کو 19 سال قید کے علاوہ متاثرہ بچی کو زر تلافی بھی ادا کرنے کا حکم دیا اور پولیس کو ہدایت جاری کی کہ رہائی کے بعد بھی مجرم کی آئندہ 15 سال تک نگرانی کی جائے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مجرم کو کسی بھی 18 سال سے کم عمر بچے سے اکیلے ملنے نہ دیا جائے۔