فلسطینی نوجوانوں کی یہودی بستی میں فائرنگ؛ 4 اسرائیلی ہلاک اور 4 زخمی

نابلس: مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے کے ردعمل میں 2 فلسطینی نوجوانوں نے رام اللہ اور نابلس کے درمیان واقع یہودی بستی ’عیلی‘ کے پیٹرول اسٹیشن پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 اسرائیلی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہودی آبادکاروں پر فائرنگ کار سوار دو فلسطینی نوجوانوں نے کی۔ زخمی ہونے والے 4 یہودی آبادکاروں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پیٹرول پمپ پر فائرنگ کرنے والے مسلح کار سواروں میں سے ایک کو جائے وقوعہ پر ہی اور دوسرے کو تعاقب کرکے اس کی کار میں قتل کردیا۔

فلسطین پر اسرائیل کے غیر آئینی قبضے کے خلاف مسلح جدوجہد کرنے والی تنظیم اسلامی حماس نے یہودی آباد کاروں پر کی گئی اس کارروائی کو فدائی حملہ قرار دیتے ہوئے شہید ہونے والے دونوں نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید ہونے والے فلسطینی مجاھدین عزالدین القسام بریگیڈ کے رکن تھے۔ ان میں سے ایک نابلس کے رہائشی حافظ قرآن 26 سالہ مہند فالح شحادہ تھے جو اسرائیلی جیلوں میں قید بھی کاٹ چکے ہیں۔

شہید ہونے والے القسام کے دوسرے کارکن 24 سالہ خالد مصطفیٰ صباح ہیں۔ حماس نے اس فدائی حملے کو جنین میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 6 نوجوانوں کی شہادت کا ردعمل قرار دیا۔